نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور ممکنہ ژالہ باری کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بارش برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز پگھلنے اور برفانی جھیلیں پھٹنے سے سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ شہریوں کو گلیشیائی جھیلوں اور دیگر خطرناک مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب جنوبی علاقوں میں تیز ہواؤں اور ممکنہ ژالہ باری کے باعث کمزور تعمیرات، سولر پینلز اور گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث سفر دشوار ہوسکتا ہے، اس لیے مسافروں کو خصوصی احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔





