تربت :بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے حملے میں لیڈی کانسٹیبل شکیلہ بلوچ شہید، شوہر اور بچہ شدید زخمی

بلوچستان کے ضلع کیچ کے ہیڈکوارٹر تربت میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی فائرنگ سے لیڈی کانسٹیبل شکیلہ بلوچ شہید ہو گئیں جبکہ واقعے میں ان کے شوہر اور معصوم بچہ شدید زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق لیڈی کانسٹیبل شکیلہ بلوچ اس وقت حملے کا نشانہ بنیں جب وہ اپنی ڈیوٹی پر جا رہی تھیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

سوشل میڈیا پر اس واقعے پر نام نہاد انسانی حقوق کے ٹھیکیداروں اور بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) جیسے پلیٹ فارمز کی مجرمانہ خاموشی پر بھی سنگین سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کہنا ہے کہ بی وائی سی اور اس جیسے دیگر عناصر جو مسلسل سیکیورٹی فورسز کے خلاف نفرت انگیز بیانیے پھیلاتے ہیں، بلوچ خواتین اور بچوں پر ہونے والے ایسے حملوں پر دانستہ خاموش رہتے ہیں کیونکہ ان کے بیانیے میں دہشت گردوں کی مذمت کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

دوسری جانب محکمہ پولیس کا کہنا ہے کہ بلوچستان پولیس کی خواتین اہلکار بہادری کی علامت بن چکی ہیں اور کانسٹیبل شکیلہ کی قربانی سے دہشت گردی کے خلاف عوام اور فورسز کا عزم مزید مضبوط ہو گا۔

Scroll to Top