پاکستان کو کمزور سمجھنا غلطی ہوگی، بھارت کو حقیقت تسلیم کرنا ہوگی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید

سابق کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کے حالیہ دھمکی آمیز بیانات بھارت کی پاکستان کے خلاف ایک منظم، جارحانہ اور نظرثانی شدہ پالیسی کی عکاسی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت کے برعکس پاکستان کے بھارت کو سیاسی یا عسکری طور پر نقصان پہنچانے کے کوئی عزائم نہیں ہیں بلکہ پاکستان کا مؤقف صرف دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تنازعات کا پرامن اور منصفانہ حل ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید کے مطابق بھارت کو یہ حقیقت سمجھنی چاہیے کہ وہ دنیا کے پانچویں سب سے زیادہ آبادی والے ملک کو نظر انداز نہیں کر سکتا، انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اہم جغرافیائی و تزویراتی حیثیت رکھتا ہے، مضبوط مسلح افواج کا حامل ہے اور ایک جوہری طاقت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی شکست، عالمی ثالثی عدالت نے پاکستان کے حق میں فیصلہ سنادیا

انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی یکطرفہ اقدام یا بلااشتعال جارحیت کی صورت میں اسے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا اور بھارت جنوبی ایشیا میں عسکری طور پر اپنی مرضی مسلط نہیں کر سکتا۔

سابق فوجی افسر نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا کے 1.75 ارب عوام کا مستقبل خطے کے استحکام سے جڑا ہوا ہے، اور خطہ صرف اسی صورت میں ترقی اور خوشحالی کی طرف بڑھ سکتا ہے جب خطے کی قیادت طاقت کے غرور، غیر ضروری عزائم اور مخالف فریق کو کم تر سمجھنے جیسے رویوں سے گریز کرے۔

Scroll to Top