ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ پاکستان کی کوششیں خطے میں پائیدار امن کے قیام میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں اور امید ہے کہ ان کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی تہران میں ملاقات جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی صدر نے جنگ بندی کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران سائنس، تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ اسلامی ممالک کا اتحاد خطے سے باہر کی طاقتوں کی مداخلت کو کم کر سکتا ہے اور یہی اتحاد دیرپا امن کی راہ ہموار کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان حالیہ حالات میں پہلے سے کہیں زیادہ قریب آئے ہیں، جو اقتصادی، سائنسی، ثقافتی اور علاقائی تعاون کے فروغ کا ایک اہم موقع ہے۔
ایرانی صدر نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پاک ایران تجارت کو مزید وسعت دی جا سکتی ہےجبکہ انہوں نے بعض عالمی طاقتوں پر مسلم ممالک میں اختلافات پیدا کرنے کی کوششوں کا الزام بھی عائد کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی صدر نے ملک میں موجود 4500 سال پرانے درخت کی تصویر شیئر کر دی،وجہ کیابنی ؟ جانئے
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایران اور پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ قریب آ چکے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دیا جانا چاہیے، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور عوامی سطح پر گہرے روابط موجود ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی عوام ایرانی قوم کے لیے دلی محبت اور احترام رکھتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔





