اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی فیلڈ مارشل عاصم منیر کے بعد وزیراعظم شہبازشریف سے بھی اہم ملاقات

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی فیلڈ مارشل عاصم منیر کے بعد وزیراعظم شہبازشریف سے بھی اہم ملاقات

پاکستان کے دورے پر آئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور ثالثی کے کردار کو اجاگر کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کا بھارتی فیصلہ غیر قانونی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افغان سرزمین پر موجود دہشتگرد گروہوں کے خلاف ٹھوس کارروائی کا مطالبہ کیا۔

وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزاد ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا

ملاقات میں اقوام متحدہ کے اصلاحاتی عمل کو ترقی پذیر ممالک کی ترجیحات کے مطابق ڈھالنے اور عالمی امن کے لیے پاکستان کے کردار پر بھی بات چیت کی گئی۔

 یہ بھی پڑھیں: لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعمان محمود مکہ دفاعی معاہدے کے پہلے سیکریٹری جنرل مقرر

اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی امن اور امن مشنز کے لیے پاکستان کی دیرینہ خدمات اور سفارتی کاوشوں کو سراہا۔

ملاقات کے بعد وزیراعظم نے مہمان سیکرٹری جنرل اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔

Scroll to Top