انگلینڈ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے دورہ پاکستان کے موقع پر وفاقی حکومت نے سکیورٹی کے لیے فوج اوررینجرز تعینات کرنے کی منظوری دیدی۔
اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد غیر ملکی کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کیلئے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فوج اور رینجرزکی تعیناتی سکیورٹی اورپروٹیکشن ڈیوٹی کےلیےکی گئی ہے، یہ تعیناتی محکمہ داخلہ پنجاب اورچیف کمشنر اسلام آبادکی درخواست پر کی گئی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ فوج کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245کے تحت کی گئی ہے، رینجرزکی تعیناتی انسداد دہشت گردی ایکٹ1997 کےتحت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کا پہلا دستہ اسلام آباد پہنچ گیا
خیال رہےکہ پاکستان اور سری لنکا کے ٹی ٹوئنٹی میچز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، پاکستان اور سری لنکا کا پہلا ٹی ٹوئنٹی 9 اکتوبر کو راولپنڈی میں ہوگا، دوسرا 11 جبکہ تیسرا اور آخری میچ 13 اکتوبر کو کھیلا جائےگا۔
پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان 7 میچز پر مشتمل ون ڈے ٹرائی نیشن سیریز بھی کھیلی جائے گی، ون ڈے ٹرائی سیریز کے ابتدائی تین میچز راولپنڈی میں ہوں گے، ٹرائی سیریز کے باقی لیگ میچز اور فائنل لاہور میں ہوں گے۔





