واٹس ایپ صارفین کے لیے ڈِس اپیئرنگ میسجز فیچر میں اہم تبدیلی پر کام کر رہی ہے جس کے تحت میسج غائب ہونے کے وقت کے آغاز کے طریقہ کار کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق موجودہ فیچر میں ایک مسئلہ یہ ہے کہ ٹائمر میسج بھیجتے ہی شروع ہو جاتا ہے جس کے باعث بعض اوقات پیغام دیکھے جانے سے پہلے ہی غائب ہو جاتا ہے۔
اس مسئلے کے حل کے لیے واٹس ایپ ایک نیا آپشن آفٹر ریڈنگ کے نام سے متعارف کرانے کی آزمائش کر رہی ہے، اس فیچر کی نشاندہی واٹس ایپ بیٹا انفو نے آئی او ایس کے تازہ ترین بیٹا ورژن میں کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ پر کامیاب تجربات کے بعد اب آئی او ایس کے منتخب بیٹا صارفین کے لیے ٹیسٹ فلائٹ بیٹا پروگرام کے ذریعے دستیاب کیا جا رہا ہے جبکہ آئندہ چند ہفتوں میں اسے عام صارفین کے لیے بھی جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
نئے آپشن کے تحت میسج کے غائب ہونے کا وقت اس کے بھیجے جانے کے بجائے اس کے کھلنے کے بعد شروع ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: اب واٹس ایپ استعمال کرنے کےلیےماہانہ پیسے دینے ہوں گے؟ تفصیلات سامنے آگئیں
صارفین میسج کھولنے کے بعد اسے 5 منٹ، 1 گھنٹہ یا 12 گھنٹے میں خود بخود غائب ہونے کے لیے سیٹ کر سکیں گے جبکہ اگر میسج نہ کھولا جائے تو یہ 24 گھنٹے بعد خود بخود حذف ہو جائے گا۔





