شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الخوارج کے خلاف ایک انتہائی منظم اور کامیاب آپریشن میں مجموعی طور پر 28 خارجیوں کو جہنم واصل کیا گیا ہے جن میں انتہائی مطلوب ہائی ویلیو ٹارگٹ اور اہم خارجی کمانڈر تور ثاقب بھی شامل ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اب تک 12 دہشت گردوں کی لاشیں قبضے میں لی جا چکی ہیں جبکہ کوآڈ کاپٹر کی مدد سے علاقے کے مختلف مقامات پر مزید 8 لاشیں واضح طور پر دیکھی گئی ہیں جنہیں منتقل کرنے کی کارروائی جاری ہے۔
آپریشن کے دوران مقامی آبادی کی جانب سے بھی مختلف مقامات سے دہشت گردوں کی لاشیں ملنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں جس پر مقامی عمائدین اور ملکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام لاشیں شناخت اور ضابطے کی کارروائی کے لیے فوری طور پر ہیڈ کوارٹر منتقل کریں۔
سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے بچھائی گئی 11 آئی ای ڈیز کا سراغ لگا کر انہیں بحفاظت ناکارہ بنا دیا ۔





