پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت دونوں ممالک نے سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور آذربائیجان کے وزیرِ اقتصادی امور مائیکل جباروف کے درمیان باکو میں ہونے والی ایک اہم ملاقات میں کیا گیا۔
اس ملاقات میں پنجاب اور آذربائیجان کے درمیان تجارت، شہری ترقی، زراعت، سیاحت، لاجسٹکس اور انفرااسٹرکچر جیسے کلیدی شعبوں میں ادارہ جاتی شراکت داری بڑھانے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ طے پانے والے فیصلے کے مطابق، پنجاب کی جانب سے اس مشترکہ ورکنگ گروپ کی سربراہی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کریں گی۔
یہ گروپ اگلے چند ماہ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے مواقع تلاش کرنے اور مشترکہ منصوبوں کے لیے ٹھوس اور قابلِ عمل تجاویز پیش کرنے کا پابند ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کا بڑا فیصلہ؛ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کے لیے نیا قانون اور حدود مقرر
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے سیاسی خیر سگالی کو ٹھوس معاشی نتائج میں تبدیل کرنے اور ترجیحی تجارتی معاہدے (PTA) کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے آذربائیجان کے وزیرِ اقتصاد کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ تجارتی معاہدے کا بنیادی مقصد مارکیٹ تک رسائی کو آسان بنانا اور تجارتی رکاوٹوں کو دور کر کے دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافہ کرنا ہے۔
انہوں نے مزید واضح کیا کہ پنجاب کا موجودہ اقتصادی پلان صنعتی جدید کاری اور برآمدات میں ویلیو ایڈیشن پر مرکوز ہے، جس سے دونوں ممالک بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔





