پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے اور اسٹار آل راؤنڈر مچل مارش ٹخنے کی تکلیف کے باعث اسکواڈ سے دستبردار ہو گئے ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا نے مارش کی جگہ وکٹ کیپر بیٹر جوش انگلس کو سیریز کے لیے قیادت کی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں جبکہ مچل مارش علاج کی غرض سے پرتھ میں ہی قیام کریں گے۔
آسٹریلوی ٹیم کے لیے یہ صورتحال اس لیے بھی تشویشناک ہے کہ مچل مارش سے قبل پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ جیسے تجربہ کار بولرز بھی پہلے ہی آرام یا دیگر وجوہات کی بنا پر اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔ اب جوش انگلس کی سربراہی میں آسٹریلوی اسکواڈ کیمرون گرین، مارنس لبوشین اور ایڈم زمپا جیسے کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا جو گرین شرٹس کا مقابلہ کریں گے۔
شیڈول کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا مقابلہ 30 مئی کو راولپنڈی میں منعقد ہوگا جس کے بعد سیریز کے بقیہ دو میچز 2 اور 4 جون کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ اس اہم سیریز کے اختتام پر آسٹریلوی ٹیم بنگلہ دیش روانہ ہوگی جہاں اسے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔





