عید الاضحی کے پُرمسرت موقع پر لائن آف کنٹرول اور ملک کی دیگر سرحدوں پر تعینات پاک فوج، رینجرز، ایف سی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے جوانوں نے قوم کے نام خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے اہلِ وطن کو عید کی دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
برف پوش پہاڑوں، دشوار گزار علاقوں اور سخت موسمی حالات میں وطن کی حفاظت پر مامور جوانوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید الاضحی قربانی، ایثار اور جذبۂ وفا کا درس دیتی ہے، اور وہ اسی جذبے کے تحت اپنی خوشیاں، آرام اور اہلِ خانہ کی قربت قربان کرکے ملک و قوم کے دفاع کیلئے سرحدوں پر ڈٹے ہوئے ہیں۔
پاک فوج کے جوانوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطنِ عزیز کا دفاع ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر لمحہ تیار ہیں تاکہ قوم ملک بھر میں پُرامن ماحول میں عید الاضحی کی خوشیاں منا سکے۔
جوانوں کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ عید کے دن اپنے اہلِ خانہ سے دور ہیں اور اپنے بچوں کے ساتھ قربانی اور عید کی خوشیوں میں شریک نہیں ہوسکتے، لیکن وطن کی سلامتی، عوام کا تحفظ اور پاکستان کا امن ہی ان کیلئے سب سے بڑی خوشی اور حقیقی عید ہے۔
سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے کہا کہ قوم کا اعتماد، محبت اور دعائیں ان کے حوصلے مزید بلند کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : عید الاضحی: صدرِ مملکت اور وزیراعظم کی قوم و امت مسلمہ کو مبارکباد
عید الاضحی کے اس بابرکت موقع پر جہاں ملک بھر میں سنتِ ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانیاں دی جارہی ہیں، وہیں سرحدوں پر تعینات بہادر سپاہی بھی اپنی جانوں کی قربانی کیلئے ہر وقت تیار کھڑے ہیں۔
لائن آف کنٹرول، پاک افغان سرحد، بلوچستان اور دیگر حساس علاقوں میں پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کے جوان عید کے دن بھی مکمل چوکسی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں تاکہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جاسکے۔
قوم کی جانب سے بھی عید الاضحی کے موقع پر سرحدوں پر مامور پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جارہا ہے، جبکہ ملک بھر کی مساجد میں ان کی سلامتی، کامیابی اور وطن کے امن و استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی جارہی ہیں۔





