عید قربانی، ایثار اور اطاعتِ الٰہی کے عظیم جذبے کی علامت ہے: مسلح افواج

پاکستان کی عسکری قیادت نے عید الاضحی کے موقع پر پوری قوم اور عالمِ اسلام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے امن، استحکام، خوشحالی اور قومی یکجہتی کیلئے خصوصی دعائیں کی ہیں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا کہ عید الاضحی قربانی، ایثار، اطاعت اور اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے ہر چیز قربان کرنے کے عظیم جذبے کی یاد دلاتی ہے۔

عسکری قیادت نے کہا کہ حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی عظیم قربانی پوری امت مسلمہ کیلئے صبر، وفاداری اور قربانی کا روشن پیغام ہے، جبکہ یہی جذبہ افواجِ پاکستان کے جوانوں میں بھی نمایاں نظر آتا ہے جو اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر وطن عزیز کے دفاع میں مصروف ہیں۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق عید الاضحی کے موقع پر بھی افواجِ پاکستان، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، رینجرز، ایف سی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکار سرحدوں، لائن آف کنٹرول اور حساس علاقوں میں اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی سے انجام دے رہے ہیں تاکہ قوم پُرامن ماحول میں عید کی خوشیاں منا سکے۔

بیان میں کہا گیا کہ مسلح افواج کیلئے عید کا حقیقی جذبہ ملک و قوم کی خدمت، قربانی اور دفاعِ وطن میں پوشیدہ ہے۔

افواجِ پاکستان کے جوان اپنے اہلِ خانہ سے دور رہ کر نہ صرف ملکی سرحدوں کی حفاظت کررہے ہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور قومی سلامتی کیلئے بھی ہر وقت تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عید الاضحی بھی وطن کی حفاظت کے نام، سپاہیوں نے خوشیاں سرحدوں پر قربان کر دیں

عسکری قیادت نے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپاہیوں اور ان کے اہلِ خانہ کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔

انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ کے صبر، حوصلے اور ثابت قدمی کو بھی سلام پیش کیا۔

پیغام میں کہا گیا کہ عید الاضحی ہمیں اتحاد، بھائی چارے، ایثار اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہے، لہٰذا اس موقع پر ضرورت مندوں، شہداء کے خاندانوں اور کمزور طبقات کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہم سب کی قومی اور دینی ذمہ داری ہے۔

آخر میں عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلح افواج ملک کی سلامتی، استحکام اور عوام کے تحفظ کیلئے ہر لمحہ تیار رہیں گی اور ہر قسم کے خطرات کے خلاف وطن عزیز کا دفاع یقینی بنایا جائے گا۔

Scroll to Top