فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ضلع ژوب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سرحد پر تعینات پاک فوج کے افسران اور جوانوں کے ساتھ عید منائی۔
فیلڈ مارشل نے جوانوں کے ہمراہ نمازِ عید ادا کی جبکہ ملک میں امن، استحکام اور شہدائے وطن کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک فوج کے جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دہشتگردی کے خلاف ان کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج اور قوم دہشتگردی کے خلاف متحد اور پرعزم ہیں، جبکہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا ہر سطح پر تعاقب جاری رکھا جائے گا۔
فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں کو عید کی مبارکباد بھی دی اور ان کے جذبۂ قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کوئٹہ میں حالیہ دہشتگرد حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کے غیر انسانی اور سفاک اقدامات قوم کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے، بلکہ ایسے واقعات دہشتگردی کے خلاف قومی اتحاد اور حوصلے کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔





