وزیراعظم شہباز شریف نے اقوامِ متحدہ کے امن مشنوں میں پاکستان کی فعال شرکت کے ذریعے عالمی امن کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے امن دستوں کے عالمی دن پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلسل خدمات بین الاقوامی امن و سلامتی اور کثیرالجہتی اصولوں سے اس کی دیرینہ وابستگی کی عکاس ہیں، پاکستان اقوام متحدہ کے امن دستوں کے لیے سب سے بڑے شراکت دار ممالک میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان 1960ء سے اب تک 48 سے زائد امن مشنز میں 2 لاکھ 35 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کر چکا ہے، جن میں 500 سے زائد خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔
آج کے دن کی مناسبت سے وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ یہ دن ان بہادر مردوں اور خواتین کی خدمات کے اعتراف کا دن ہے جو عالمی امن کے لیے اپنی جانیں خطرے میں ڈالتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے پسماندہ اور جنگ زدہ ممالک میں مشکل حالات کے باوجود امن آپریشنز میں ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ اب تک 183 پاکستانی افسران اور جوان عالمی امن کی بحالی کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، جو کہ پاکستان کے امن کے لیے غیر متزلزل عزم کی سب سے بڑی مثال ہے۔
اس وقت بھی پاکستانی امن دستے ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو، جنوبی سوڈان، وسطی افریقی جمہوریہ، قبرص، مغربی صحارا اور صومالیہ سمیت مختلف خطوں میں اقوامِ متحدہ کے پرچم تلے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی عالمی استحکام کے لیے اپنا کلیدی کردار اسی لگن سے جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ آج 29 مئی کو دنیا بھر میں اقوامِ متحدہ کے امن دستوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے جس کا مقصد عالمی امن کے قیام کیلئے خدمات انجام دینے والے اہلکاروں کی قربانیوں اور کردار کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔





