قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اور سٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اپنی بولنگ اسپیڈ میں کمی سے متعلق اٹھنے والے سوالات کو سنجیدہ لینے کے بجائے مذاق میں اڑا دیا۔
آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے آغاز سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے اپنی اور دیگر بولرز کی کم ہوتی رفتار کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر حیران کن ردعمل دیا۔
شاہین آفریدی نے طنزیہ انداز میں کہا کہ “کوشش کروں گا کہ اب 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کروں۔”
ان کا مزید کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ مشینیں بھی خراب ہو جاتی ہیں، ہم انسان ہیں اور اپنی فٹنس پر کام کرنے کی کوشش کر رہے ہیںجبکہ کوچنگ اسٹاف اور سلیکٹرز بھی فاسٹ بولرز کی بہتری کے لیے مصروف عمل ہیں۔
حالیہ خراب کارکردگی پر ہونے والی تنقید کے جواب میں کپتان نے صحافیوں کو “عید مبارک” کہتے ہوئے مثبت رپورٹنگ کی درخواست کی اور کہا کہ ٹیم جیتنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔
محمد رضوان کی ٹیم میں عدم موجودگی پر بات کرتے ہوئے شاہین نے واضح کیا کہ رضوان کی کرکٹ ختم نہیں ہوئی، ہمیں نتائج پر پہنچنے میں جلدی نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ ورلڈ کپ کے لیے ایک مضبوط ٹیم تیار کرنے کی خاطر نئے کھلاڑیوں کو بھرپور موقع دینا وقت کی ضرورت ہے۔





