ضلع سوات کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات اور ہنگامی واقعات کے نتیجے میں 14 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ایک نوجوان دریائے سوات میں بہہ گیا، جس کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق تحصیل مٹہ کے علاقے بالاسور میں رکشہ الٹنے کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور ہسپتال منتقل کردیا۔
دوسری جانب تحصیل کبل کے علاقے ڈھڈاہارہ میں پہاڑی آگ بھڑک اٹھی، جس پر ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پانے کے لیے آپریشن شروع کردیا۔
ادھر سیاحتی وادی کالام میں پشاور کے علاقے بڈھ بیر سے تعلق رکھنے والا 17 سالہ نوجوان وقاص دریائے سوات میں بہہ گیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد، بارہ کہو اٹھال چوک کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ، 4 افراد جاں بحق، 4 شدید زخمی
ریسکیو حکام کے مطابق واٹر سرچ آپریشن رات کی تاریکی کے باعث عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے، جسے دوبارہ صبح کے وقت شروع کیا جائے گا۔
ایک اور حادثے میں تحصیل بریکوٹ کے علاقے غالیگے میں موٹر سائیکل اور سوزوکی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کردیا۔





