اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو کے علاقے اٹھال چوک کے قریب پیش آنے والے ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 4 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق تیز رفتار دو گاڑیاں مری سے اسلام آباد کی جانب آرہی تھیں کہ اچانک بے قابو ہو کر ایک موٹر سائیکل اور سڑک کنارے موجود راہگیروں سے ٹکرا گئیں۔
حادثہ اس قدر شدید تھا کہ موقع پر ہی متعدد افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ دیگر زخمی ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: مردان میں ٹریفک حادثہ، خاتون اور بچی سمیت 4 افراد زخمی، اسپتال منتقل
جاں بحق ہونے والوں میں دو افراد کی شناخت فضل اور عامر کے نام سے ہوئی ہے جبکہ دو دیگر افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے بعد دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور موقع سے فرار ہوگئے، پولیس نے حادثے میں ملوث گاڑیوں کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے اور فرار ڈرائیوروں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔





