ٹرمپ کی میڈیکل رپورٹ جاری، سوجی ٹانگوں اور زخمی ہاتھوں کی حقیقت بھی سامنے آگئی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صحت ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے، تاہم وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری تازہ طبی رپورٹ میں انہیں مکمل طور پر صحت مند اور صدارتی ذمہ داریاں انجام دینے کے لیے فِٹ قرار دیا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری میمو کے مطابق صدر ٹرمپ کے معالج ڈاکٹر شان باربیلا نے بتایا کہ 79 سالہ صدر مجموعی طور پر بہترین جسمانی، قلبی، پھیپھڑوں اور اعصابی صحت کے حامل ہیں اور اپنی سرکاری ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال سامنے آنے والی تصاویر میں ٹرمپ کے ہاتھوں پر نیل، گردن پر دھبوں اور ٹخنوں میں سوجن کے باعث ان کی صحت سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں سامنے آئی تھیں۔
ڈاکٹر شان باربیلا کے مطابق ٹانگوں کی سوجن میں پہلے کے مقابلے میں نمایاں بہتری آئی ہے، جبکہ ہاتھوں پر موجود نشانات اور نیل بار بار مصافحہ کرنے کے باعث نرم بافتوں کو پہنچنے والے معمولی اثرات کا نتیجہ ہیں، جو ایک عام اور بے ضرر کیفیت ہے۔
طبی معائنہ والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر میں کیا گیا، جہاں صدر ٹرمپ اپنی دوسری صدارتی مدت کے ابتدائی 13 ماہ میں تیسری بار طبی معائنے کے لیے گئے۔
معالج نے صدر کو کم مقدار میں اسپرین کے استعمال، جسمانی سرگرمیاں بڑھانے اور وزن کم کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکی تاریخ میں صدارت سنبھالنے والے معمر ترین رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں اور وہ اکثر اپنی توانائی کے حوالے سے سابق صدر جو بائیڈن پر تنقید کرتے رہے ہیں۔





