پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں لاہور پہنچ گئیں، دوسرا ون ڈے منگل کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا
پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیمیں ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ کے لیے لاہور پہنچ گئی ہیں، جہاں دونوں ٹیمیں کل قذافی اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لیں گی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا دوسرا مقابلہ منگل کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور وہ فتح کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔
یاد رہے کہ راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز کا فاتحانہ آغاز کیا تھا۔
میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 44.1 اوورز میں 200 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ جواب میں پاکستان نے 201 رنز کا ہدف 43ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
قومی ٹیم کی جانب سے بابر اعظم نے 69 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ غازی غوری 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دیگر بیٹرز میں صاحبزادہ فرحان 28، معاذ صداقت 8 اور سلمان علی آغا 6 رنز بنا سکے۔ عرفات منہاس 18 اور عبدالصمد ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
شائقین کرکٹ کو دوسرے ون ڈے میں دونوں ٹیموں کے درمیان ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے، جہاں پاکستان سیریز اپنے نام کرنے جبکہ آسٹریلیا کم بیک کرنے کی کوشش کرے گا۔





