ایک لیٹر میں 900 کلومیٹر سے زائد سفر کرنے والی حیرت انگیز کار تیار

دنیا بھر میں ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور کمیابی نے جہاں لوگوں کو الیکٹرک گاڑیوں کی جانب راغب کیا ہے، وہاں اب بھی اکثریت پیٹرول پر چلنے والی گاڑیاں ہی استعمال کر رہی ہے جن کی ہمیشہ یہ خواہش ہوتی ہے کہ کم خرچ میں زیادہ سفر ممکن ہو سکے۔

اسی پریشانی کا حل نکالتے ہوئے امریکی ریاست یوٹاہ سے تعلق رکھنے والے ایک ہونہار طالب علم نے ایک ایسی حیرت انگیز اور بڑی بچت والی کار تیار کر لی ہے، جو صرف ایک لیٹر پیٹرول میں 900 کلومیٹر سے زائد کا فاصلہ طے کرنے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق “سُپر مائلیج” نامی یہ منفرد گاڑی انتہائی ہلکے، چھوٹے اور ہوا کے دباؤ کو کم کرنے والے (ایروڈائنامک) ڈیزائن کی بدولت پیٹرول کی تاریخی بچت کرتی ہے۔ محض 49 کلو گرام وزنی اس کار کا فیول ٹینک صرف 30 ملی لیٹر کا ہے جو ایک عام ٹیسٹ ٹیوب سے معمولی سا بڑا ہے۔

یہ گاڑی ایک مشہور مقابلے میں حصہ لینے کے لیے تیار کی گئی ہے جہاں ٹیموں کا مقصد کم سے کم ایندھن میں زیادہ سے زیادہ فاصلہ طے کرنا ہوتا ہے۔ ٹیسٹ کے دوران اس گاڑی نے صرف 30 ملی لیٹر ایندھن میں 32 کلومیٹر کا سفر طے کیا جس کے بعد ٹینک کو دوبارہ بھرنا پڑا، اور اس حساب سے یہ کار ایک لیٹر ایندھن میں 914 کلومیٹر تک چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اس کار کا ڈیزائن انتہائی منفرد اور مخصوص ہے، اسی لیے اس کو چلانے والے ڈرائیور کے لیے بھی قد اور وزن کی سخت شرط رکھی گئی ہے۔ اس گاڑی کی واحد نشست پر صرف وہی ڈرائیور بیٹھ سکتا ہے جس کا قد زیادہ سے زیادہ 5 فٹ 4 انچ اور وزن 54 کلوگرام تک ہو، تاکہ گاڑی کی کارکردگی اور ایندھن کی بچت پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔

Scroll to Top