کیا ملک کے بند ائیرپورٹس دوبارہ کھلنے والے ہیں؟ اہم فیصلہ سامنے آگیا

اسلام آباد: پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے ملک بھر میں غیر فعال ائیرپورٹس کو دوبارہ فعال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد فضائی رابطوں کو بہتر بنانا، دور دراز علاقوں کو قومی فضائی نیٹ ورک سے منسلک کرنا اور ملک کے ہوابازی کے شعبے کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس حوالے سے پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ائیر وائس مارشل ذیشان سعید کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ائیرپورٹ سروسز، انجینئرنگ سروسز اور کمرشل ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملک کے مختلف غیر فعال ائیرپورٹس کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان کی بحالی کے لیے عملی اقدامات پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان، تربت، دالبندین اور سیدو شریف ائیرپورٹس کو فوری طور پر بحال کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ اس کے علاوہ سکھر اور نیو گوادر سمیت دیگر ائیرپورٹس کی فعالیت بڑھانے اور انہیں مکمل طور پر آپریشنل بنانے پر بھی غور کیا گیا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ وزارت دفاع نے پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کو تمام غیر فعال ائیرپورٹس کی جلد بحالی کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے، جس کے تحت متعلقہ شعبوں کو بنیادی ڈھانچے، تکنیکی سہولیات اور آپریشنل ضروریات کا تفصیلی جائزہ لے کر عملدرآمد تیز کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب میں نئے عمرہ سیزن کا آغاز، ویزا درخواستیں اور پرمٹ سسٹم فعال

اجلاس میں ملک میں نئی نجی ائیرلائن کے آغاز سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔ حکام کے مطابق نئی ائیرلائنز کی شمولیت سے مسافروں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی، جبکہ اندرون ملک فضائی سفر کے فروغ، کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اور علاقائی ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔

ماہرین کے مطابق غیر فعال ائیرپورٹس کی بحالی سے دور افتادہ علاقوں تک رسائی آسان ہوگی، سیاحت کو فروغ ملے گا اور مقامی معیشت کو بھی تقویت حاصل ہوگی۔ اس فیصلے کے بعد ملک کے مختلف حصوں کے درمیان فضائی رابطے مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔

Scroll to Top