ریاض: سعودی عرب نے نئے عمرہ سیزن کے لیے ویزا درخواستوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کے بعد دنیا بھر سے آنے والے زائرین کے لیے عمرہ کے انتظامات مرحلہ وار شروع ہو گئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق عمرہ زائرین کے لیے ویزا درخواستیں 31 مئی سے وصول کی جا رہی ہیں، جبکہ زائرین آج سے ’نسک‘ ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ بھی حاصل کر سکیں گے، جس کے بعد انہیں عمرہ ادائیگی کی اجازت دی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق نئے سیزن کے تحت عمرہ ویزوں کا اجرا 9 مارچ 2027 تک جاری رہے گا، جبکہ عمرہ زائرین کے لیے 7 اپریل 2027 کو مکہ مکرمہ سے روانگی کی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کا جنوبی لبنان میں طے شدہ منصوبے کے تحت آپریشن جاری رکھنے کا اعلان
سعودی حکام کے مطابق نسک ایپ کے ذریعے پرمٹ سسٹم کا مقصد زائرین کے انتظامات کو مزید مؤثر، منظم اور آسان بنانا ہے تاکہ عمرہ ادائیگی کے عمل میں سہولت اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے۔
نئے عمرہ سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی دنیا بھر سے آنے والے زائرین کے لیے آن لائن سہولیات کو مزید بہتر بنانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔





