سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں،فتنہ الہندوستان کے 17 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 17 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 24 مئی کو پیش آنے والے ٹرین واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع مستونگ، نوشکی، زہری، خضدار اور کیچ میں انٹیلی جنس بنیادوں پر متعدد آپریشنز کیے۔

بیان کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
شدید اور سخت فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے 17 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں : بنوں: بکا خیل آپریشن میں ہلاک خوارجی پی ٹی ایم کا سرگرم کارکن نکلا، سیکیورٹی ذرائع

آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشتگرد علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد اور تیار شدہ دیسی ساختہ بم  بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز بدستور جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : فیلڈمارشل سید عاصم منیر نے مذاکرات کیلئے بہترین کام کیاہے،ایرانی سفیر

بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

Scroll to Top