تھانہ خزانہ کی حدود میں پسند کی شادی کے معاملے پر لڑکا اور لڑکی مبینہ طور پر قتل کر دیے گئے، جس کے بعد پولیس نے دونوں واقعات کے حوالے سے دو الگ الگ ایف آئی آرز درج کر لی ہیں۔
پولیس کے مطابق لڑکی پسند کی شادی کی غرض سے گھر سے نکلی تھی، تاہم بعد ازاں لڑکے کے اہلِ خانہ نے اسے واپس اس کے گھر پہنچا دیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق لڑکی کے بھائیوں نے مبینہ طور پر لڑکے کو اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بعد ازاں ملزمان کے گھر سے لڑکی کی لاش بھی برآمد ہوئی، جس کے بعد واقعے نے مزید سنگین صورتحال اختیار کر لی۔ دونوں قتل کے واقعات کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ نامزد ملزمان فرار ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد انہیں قانون کی گرفت میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پولیس نے کہا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔





