اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹیم کی کامیابی کو اجتماعی کوششوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جیت میں تمام کھلاڑیوں نے اپنا کردار ادا کیا، جبکہ بولرز نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا کہ بیٹرز نے مشکل کنڈیشنز میں ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا، جبکہ ان کی اپنی کوشش بھی یہی ہوتی ہے کہ اچھی کارکردگی کے ذریعے ٹیم کی کامیابی میں حصہ ڈالیں۔
قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ 2027 ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے ٹیم کے پاس کافی وقت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آئندہ عرصے میں زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں، تاہم موجودہ سیریز میں ٹیم کی پوری توجہ کامیابی حاصل کرنے پر مرکوز تھی۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ ہر ٹیم اپنی ہوم کنڈیشنز کے مطابق پچز تیار کرتی ہے، جبکہ پاکستان نے آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر شکست دے کر اپنی صلاحیتوں کا ثبوت دیا ہے۔
انہوں نے شاداب خان کی کارکردگی کو سیریز کا مثبت پہلو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے دباؤ والے مقابلوں میں تجربہ کار کھلاڑی ہی فرق پیدا کرتے ہیں، اور شاداب نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے آسٹریلیا کےخلاف ون ڈے سیریز جیت لی
کپتان نے عرفات منہاس اور عبدالصمد کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی کھلاڑی کے لیے پلیئنگ الیون میں مستقل جگہ کی ضمانت نہیں ہوتی اور ٹیم کی ضرورت و کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے انتخاب کیا جاتا ہے۔
شاہین آفریدی نے مزید کہا کہ ہر کھلاڑی کی اولین ترجیح ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی دکھانا ہوتی ہے۔ انہوں نے بابر اعظم کی راولپنڈی میں کھیلی گئی اننگز کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے اپنے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا تو سرفراز احمد نے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی اور رہنمائی کی تھی۔





