مالے: پاکستان فٹبال ٹیم نے طویل انتظار کے بعد بین الاقوامی فٹبال میں فتح حاصل کرتے ہوئے مالدیپ کو 0-3 سے شکست دے دی۔
مالدیپ میں جاری ڈائمنڈ جوبلی چار ملکی ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے عمر نواز، عبدالصمد ارشد اور ہارون حامد نے گول اسکور کیے۔
ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں بنگلا دیش کے خلاف مقابلہ برابر رہنے کے بعد پاکستان کے لیے مالدیپ کے خلاف کامیابی انتہائی اہم تھی۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں اور وقفے تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
دوسرے ہاف میں پاکستان نے جارحانہ انداز اپنایا اور 54ویں منٹ میں نوجوان فارورڈ عمر نواز نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلا دی۔ عمر نواز کا قومی ٹیم کی جانب سے یہ دوسرا میچ تھا جبکہ وہ پہلی مرتبہ ابتدائی ٹیم کا حصہ بنے تھے۔
عمر نواز کا تعلق پشاور کے اس خاندان سے ہے جس نے 2014 کے سانحہ آرمی پبلک اسکول میں قربانیاں دیں۔ ان کے بھائی حارث نواز اس سانحے میں شہید ہوئے تھے جبکہ احمد نواز شدید زخمی ہوئے تھے۔ بعد ازاں خاندان 2015 میں برطانیہ منتقل ہوگیا، جہاں عمر نواز نے فٹبال کی تربیت حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں : ایران اور روس کے درمیان 25 ارب ڈالر کی جوہری تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط
میچ کے 84ویں منٹ میں عبدالصمد ارشد نے دوسرا گول اسکور کیا جبکہ تین منٹ بعد ہارون حامد نے ایک اور گول کرکے پاکستان کی برتری 0-3 کر دی، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
یہ 1991 کے بعد مالدیپ کے خلاف پاکستان کی پہلی بین الاقوامی فتح ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ قومی فٹبال ٹیم نے 961 دن سے جاری فتوحات سے محرومی کا سلسلہ بھی ختم کر دیا۔
پاکستان نے اس سے قبل آخری بین الاقوامی میچ 17 اکتوبر 2023 کو کمبوڈیا کے خلاف جیتا تھا۔ قومی ٹیم ٹورنامنٹ کا آخری گروپ میچ 7 جون کو افغانستان کے خلاف کھیلے گی، جبکہ ٹاپ ٹو میں جگہ برقرار رکھنے کی صورت میں 10 جون کو فائنل میں شرکت کرے گی۔





