عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے ضلعی رہنما دولت خان کوقلعہ عبداللہ کے علاقے پیر علیزئی بازار میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق دولت خان پیر علیزئی بازار میں موجود تھے کہ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ واقعے میں وہاں موجود دیگر دو افراد بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم اور ضروری کارروائی کے لیے ٹراما سینٹر مئی زئی اڈہ منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ زخمیوں کو بھی فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سوات: افضل گجر فائرنگ کیس میں اہم پیش رفت، سی ٹی ڈی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں تین ملزمان گرفتار
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کو سیل کر کے وہاں سے اہم شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ حملے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، تاہم پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کر کے تلاش کا عمل شروع کر دیا ہے۔





