چارسدہ نادرا فراڈ کیس میں بڑی پیش رفت

ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل پشاور نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران نادرا این آر سی چارسدہ فراڈ کیس میں ملوث مرکزی ملزم حبیب اللہ کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا این آر سی چارسدہ کا قریبی سہولت کار اور ایجنٹ تھا، جو غیر ملکی افراد کو غیر قانونی طور پر پاکستانی شہریوں کے خاندانی ریکارڈ (شجرہ) میں شامل کرانے کے سنگین جرم میں ملوث پایا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ملزم طویل عرصے سے افغان باشندوں کے لیے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈز کے غیر قانونی اجراء میں سہولت کاری کرتا رہا ہےجس کا بنیادی کام غیر ملکی افراد کو نادرا حکام تک پہنچانا اور ملی بھگت سے شناختی دستاویزات کے حصول میں معاونت فراہم کرنا تھا۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس جعل سازی کے نیٹ ورک میں شامل نادرا افسران سمیت دیگر افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور بہت جلد مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

حکام نے واضح کیا کہ قومی شناختی نظام کی ساکھ کو متاثر کرنے اور ملکی سلامتی سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ملزم سے تفتیش کی روشنی میں مزید اہم انکشافات کی توقع ہے۔

Scroll to Top