بلوچستان : ضلع باسیمہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی،فتنہ الہندوستان کے 14 دہشت گرد ہلاک، ایک جوان شہید

بلوچستان کے ضلع باسیمہ کے علاقے نال میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بنیاد پر ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی پراکسی تنظیم فتنۃ ہندوستان کے 14 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 8 جون کو خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والی تنظیم فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد علاقے کے قریبی تھانے اور بینکوں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ان اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے فوری اور انتہائی تیز رفتاری سے کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کا آغاز کیا۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان: سیکیورٹی فورسز نے نال شہر پر فتنہ الہندوستان کا حملہ ناکام بنادیا، 12 دہشت گرد ہلاک،ایک جوان شہید

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو مؤثر طریقے سے روکا اور انہیں گھیرے میں لے کر نشانہ بنایا۔ فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان ہونے والے شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں کارروائیاں کرنے والے چودہ دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ اس کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال چار گاڑیاں اور دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) بھی موقع پر ہی تباہ کر دیے گئے۔

شدید فائرنگ کے اس تبادلے کے دوران دھرتی کے ایک بہادر بیٹے لانس حوالدار محمد عباس نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود فتنۃ ہندوستان کے دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن تاحال جاری ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کے منظور کردہ وژن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف یہ مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی فنڈنگ اور سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کی لعنت کا جڑ سے خاتمہ کیا جا سکے۔

Scroll to Top