پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل صارفین کو ویلیو ایڈڈ سروسز (VAS) کی تفصیلات تک براہ راست رسائی فراہم کر دی ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے تمام موبائل آپریٹرز کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں جس کے بعد صارفین اب اپنے نمبر پر چلنے والی غیر ضروری سروسز کو خود چیک کرنے اور انہیں بند کرنے کے اہل ہوں گے۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد صارفین کو غیر ضروری مالی بوجھ اور خفیہ کٹوتیوں سے بچانا ہے۔
پی ٹی اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے فعال پیکجز کو باقاعدگی سے چیک کریں اور کسی بھی ناپسندیدہ یا غیر ضروری سروس کو فوری طور پر ڈی ایکٹیویٹ کر دیں تاکہ ان کا موبائل بیلنس محفوظ رہ سکے۔
پی ٹی اے کے مطابق اس نئے نظام سے موبائل اکاؤنٹس کے استعمال میں شفافیت آئے گی اور صارفین کو اپنے بیلنس پر مکمل کنٹرول حاصل ہو گا۔
فعال سروسز کی بروقت جانچ پڑتال سے نہ صرف صارفین کو آگاہی ملے گی بلکہ کمپنیوں کی طرف سے بغیر اجازت رقم کاٹنے کے سلسلے کا بھی خاتمہ ہو سکے گا۔





