قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کو پورے بجٹ سیشن کے لیے معطل کر دیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اسپیکر ایاز صادق نے اقبال آفریدی کے رویے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رکن اسمبلی نے اسپیکر کے اسٹاف پر ہاتھ اٹھایا اور ڈی جی میڈیا سمیت پولیس اہلکاروں کے ساتھ بھی نامناسب رویہ اختیار کیا، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
اسپیکر نے ایوان کو بتایا کہ پارلیمانی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر کارروائی ناگزیر تھی، لہٰذا اقبال آفریدی کو پورے بجٹ سیشن کے دوران ایوان کی کارروائی میں شرکت سے معطل کیا جا رہا ہے۔
بعد ازاں رکن اسمبلی فرح ناز اکبر نے اقبال آفریدی کی معطلی کی باضابطہ تحریک پیش کی، جسے قومی اسمبلی نے کثرتِ رائے سے منظور کر لیا۔
اس موقع پر اسپیکر ایاز صادق نے واضح کیا کہ معطلی کے دوران اقبال آفریدی کو کسی قسم کے الاؤنسز یا مراعات نہیں دی جائیں گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ معطل رکن ازخود ایوان سے باہر چلے جائیں، بصورت دیگر سیکیورٹی اہلکار انہیں ایوان سے باہر لے جائیں گے۔
قومی اسمبلی میں اس فیصلے کے بعد سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے، جبکہ بجٹ سیشن کے دوران پارلیمانی نظم و ضبط اور ارکان کے رویے سے متعلق سوالات بھی زیرِ بحث آ گئے ہیں۔





