سندھ میں قیامت خیز گرمی: شہید بینظیر آباد میں 15 سالہ ریکارڈ برابر، پارہ 51 ڈگری تک جا پہنچا

قیامت خیز گرمی: شہید بینظیر آباد میں 15 سالہ ریکارڈ برابر، پارہ 51 ڈگری تک جا پہنچا

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں گرمی کی لہر اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے جہاں شہید بینظیر آباد (نوابشاہ) میں تاریخ کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا ہے۔

شدید ترین گرمی کے باعث یہاں درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، جس کے ساتھ ہی شہر نے اپنا 15 سال پرانا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔ اس سے قبل 8 جون 2011 کو یہاں درجہ حرارت 51 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا اور آج 11 جون 2026 کو دوبارہ پارہ اسی سطح کو چھو گیا۔

رپورٹ کے مطابق صوبے کے متعدد شہروں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا ہے۔ دادو اور شہید بینظیر آباد 51 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ سندھ کے گرم ترین علاقے رہے، جبکہ تاریخی مقام موئن جو دڑو میں بھی شدید ترین گرمی کا راج رہا اور وہاں پارہ 50.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ لاڑکانہ، جیکب آباد اور سکرنڈ میں بھی درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

دیگر شہروں کے اعداد و شمار کے مطابق سکھر میں درجہ حرارت 48، روہڑی میں 48.5 اور پادیدن میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ حیدرآباد سٹی میں گرمی کی شدت برقرار رہی جہاں درجہ حرارت 47 ڈگری جبکہ حیدرآباد ائیرپورٹ پر 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

خیرپور میں درجہ حرارت 47، میرپور خاص میں 44، چھور میں 45 اور تھرپارکر (مٹھی) میں 43.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ بدین اور ٹنڈوجام میں پارہ 42 جبکہ ٹھٹہ میں 39.5 ڈگری تک پہنچ گیا۔

Scroll to Top