مظفرآباد میں بدھ کو پیش آنے والے افسوسناک ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی نمازِ جنازہ جمعرات کو چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی جس میں سیاسی و عسکری قیادت سمیت شہدا کے اہل خانہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نمازِ جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، سینیئر سول و عسکری حکام، شہداء کے اہل خانہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے 2 مسیحی فوجیوں کی آخری مذہبی رسومات اور دعائیہ تقریب راولپنڈی کے کرسٹ چرچ میں ادا کی گئی جس میں بھی سیاسی اور عسکری قیادت نے شرکت کی اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
نمازِ جنازہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وطن کی حفاظت کے لیے شہدا کی فرض شناسی، پیشہ ورانہ مہارت اور بے مثال عزم آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پاک فوج کا ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث مظفر آباد میں گر کر تباہ، تمام سوار اہلکار شہید
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے امن، سلامتی اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے جو قربانیاں دی ہیں، قوم انہیں کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ وزیراعظم نے اس مشکل گھڑی میں شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی اور بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے میں شہید ہونے والے تمام افسران اور جوانوں کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔





