امن کی کوششوں میں پاکستان کا کردار قابلِ ستائش ہے، امریکی صدر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے فیلڈمارشل بہترین جنرل ہیں، ایران سے معاہدہ تقریباً طے پانے کے قریب ہے اور پاکستان نے معاہدہ میں بہترین کردار ادا کیا ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹس اور سوشل ٹروتھ پر جاری بیان کے مطابق یہ فیصلہ ایران کی اعلیٰ سطحی قیادت کے ساتھ ہونے والی بات چیت اور علاقائی ثالثوں کے ذریعے پیش رفت کے بعد کیا گیا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدے کے لیے بات چیت “آخری مرحلے” میں داخل ہو چکی ہے اور جلد دستخط متوقع ہیں۔ ان کے مطابق معاہدہ طے پانے کے بعد ایک ہفتے کے اندر آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔

امریکی صدر نے پاکستان کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اس عمل میں “اہم اور قابلِ ستائش” سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستانی آرمی چیف ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں “ایک عظیم فوجی رہنما” قرار دیا۔

رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ معاہدے کے بنیادی نکات پر امریکا، اسرائیل، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، ترکی، پاکستان، بحرین، کویت، اردن اور مصر سمیت متعدد علاقائی فریقین میں اتفاقِ رائے پایا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خطے میں کشیدگی میں کمی، ٹرمپ کا ایران پر حملہ مؤخر کرنے کا اعلان

اسی دوران امریکی صدر نے ایران کے خلاف فوری فوجی کارروائی کے منصوبے کو مؤخر کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ ایران کے ساتھ ہونے والی اعلیٰ سطحی سفارتی پیش رفت کے بعد کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی ذرائع کے مطابق اس پورے عمل میں بیک چینل سفارت کاری مرکزی کردار ادا کر رہی ہے، اور پاکستان سمیت دیگر علاقائی ممالک ثالثی میں شامل ہیں۔

تاہم مبصرین کے مطابق معاہدے کی حتمی تفصیلات اور اس کے نفاذ سے متعلق اب بھی کئی سوالات برقرار ہیں، اور صورتحال تاحال غیر یقینی ہے۔

Scroll to Top