دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ شندور میں روایتی تین روزہ سالانہ شندور پولو فیسٹیول 2026 کا رنگا رنگ آغاز ہو گیا، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے فیسٹیول کا باضابطہ افتتاح کیا۔
شندور پولو فیسٹیول کا انعقاد پاک فوج اور خیبر پختونخوا و گلگت بلتستان کی حکومتوں کے باہمی تعاون سے کیا گیا ہے جس میں ملک بھر سے سیاحوں، شائقینِ پولو اور ثقافتی سرگرمیوں کے دلدادہ افراد کی بڑی تعداد شریک ہے۔
فیسٹیول کے پہلے روز روایتی حریف ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز اور سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا جبکہ پیرا گلائیڈرز نے فضاؤں میں دلکش مظاہرہ پیش کرکے شرکاء کے جوش و خروش میں مزید اضافہ کر دیا۔
اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شندور پولو فیسٹیول قومی یکجہتی، ثقافتی ہم آہنگی اور سیاحت کے فروغ کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے ایونٹس ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور مختلف علاقوں کے درمیان بھائی چارے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا چترال کا دورہ، پولو کے فروغ اور انعامات کا اعلان
فیسٹیول کے پہلے روز ہی شندور میں میلے کا سماں رہا جہاں سیاحوں اور شائقین نے پولو مقابلوں، ثقافتی سرگرمیوں اور قدرتی مناظر سے بھرپور لطف اٹھایا۔ تین روز تک جاری رہنے والے اس میلے میں مزید دلچسپ مقابلوں اور رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔





