ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آج سے آغاز، افتتاحی میچ میں انگلینڈ اور سری لنکا آمنے سامنے

کرکٹ شائقین کے انتظار کی گھڑیاں ختم ہو گئیں، آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آج سے انگلینڈ میں باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے، دنیا کی بہترین ٹیمیں عالمی تاج کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔

میگا ایونٹ کا افتتاحی میچ میزبان انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے دس بجے شروع ہوگا۔

دوسری جانب قومی ویمنز ٹیم بھی عالمی کپ میں اپنی مہم کا آغاز 14 جون کو روایتی حریف بھارت کے خلاف برمنگھم میں کرے گی، گرین شرٹس کا دوسرا میچ 17 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف اسی میدان میں شیڈول ہے۔

پاکستان ویمنز ٹیم اپنا تیسرا گروپ میچ 20 جون کو بنگلا دیش کے خلاف ساوتھ ہیمپٹن میں کھیلے گی جبکہ 23 جون کو آسٹریلیا کے مضبوط چیلنج کا سامنا لیڈز میں کرے گی۔

قومی ٹیم اپنا آخری گروپ میچ 27 جون کو برسٹل میں نیدرلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی نے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2028 کی میزبانی پاکستان کو سونپ دی

قومی ویمنز ٹیم کی قیادت فاطمہ ثناء کر رہی ہیں جبکہ اسکواڈ میں منیبہ علی، گل فیروزہ، عائشہ ظفر، ارم جاوید، ایمان فاطمہ اور عالیہ ریاض شامل ہیں۔

دیگر کھلاڑیوں میں نتالیہ پرویز، سائرہ جبین، طوبہ حسن، رامین شمیم، سعدیہ اقبال، نشرہ سندھو، ڈیانا بیگ اور تسمیہ رباب بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

Scroll to Top