پاکستان کرکٹ کے مداحوں کے لیے ایک اور بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے جہاں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کو ایک اور میگا ایونٹ کی میزبانی دے دی ہے۔
آئی سی سی کے حالیہ اجلاس میں کی گئی باقاعدہ منظوری کے مطابق پاکستان اب ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2028 کی میزبانی کرے گا۔ اس سے قبل بھی پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی سمیت بڑے عالمی ایونٹس کی میزبانی مل چکی ہے اور اب اس فہرست میں ایک اور بڑے عالمی ٹورنامنٹ کا اضافہ ہو گیا ہے۔
پاکستان میں ہونے والے اس ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2028 میں دنیا بھر سے مجموعی طور پر 12 ٹیمیں ٹرافی کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔
ٹورنامنٹ کے طے شدہ فارمیٹ کے تحت 10 ٹیمیں ایونٹ کے لیے براہِ راست کوالیفائی کریں گی، جن میں 2026 کے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کی ٹاپ آٹھ ٹیمیں، میزبان ملک (اگر وہ پہلے سے کوالیفائی نہ کر سکا ہو) اور 6 جولائی 2026 تک آئی سی سی ویمنز ٹی20 رینکنگ میں موجود اگلے سب سے اونچے درجے والی ٹیمیں شامل ہوں گی۔
باقی ماندہ دو ٹیموں کا فیصلہ گلوبل کوالیفائر ٹورنامنٹ کے ذریعے کیا جائے گا جس میں مختلف ریجنل کوالیفائنگ ایونٹس بھی شامل ہیں۔
آئی سی سی کی رپورٹ میں ایک اہم پیشرفت یہ بھی سامنے آئی ہے کہ روایتی حریف بھارت کی ٹیم کے میچز پاکستان کے بجائے کسی نیوٹرل وینیو پر کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس میگا ایونٹ کے فارمیٹ، میچز کی مکمل تفصیلات اور ریجنل الاٹمنٹ کے حتمی معاملات کو اگلی ماہ جولائی میں ہونے والے آئی سی سی کے اگلے اجلاس میں تفصیلاً طے کیا جائے گا۔





