خیبرپختونخوا کیلئے مزید 50 ہزار میٹرک ٹن گندم منظور

خیبرپختونخوا کیلئے مزید 50 ہزار میٹرک ٹن گندم منظور

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے بڑے فیصلے، خیبرپختونخوا کیلئے مزید 50 ہزار میٹرک ٹن گندم سمیت اربوں روپے کی گرانٹس منظور

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اہم اجلاس میں غذائی تحفظ، خلائی تحقیق، سکیورٹی اور مزدوروں کی فلاح سے متعلق متعدد بڑے فیصلوں کی منظوری دے دی گئی، جبکہ مختلف وزارتوں اور اداروں کیلئے اربوں روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس بھی منظور کر لی گئیں۔

اجلاس میں خیبرپختونخوا حکومت کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاسکو کے ذریعے مزید 50 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔ فیصلے کے مطابق گندم صوبائی حکومت کو 4 ہزار 150 روپے فی من کے نرخ پر فراہم کی جائے گی، جس سے صوبے میں گندم کی دستیابی اور غذائی تحفظ کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت اطلاعات و نشریات کی مختلف تشہیری اور عوامی آگاہی مہمات کیلئے 2 ارب 67 کروڑ روپے سے زائد کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی۔ حکام کے مطابق یہ فنڈز حکومتی پالیسیوں اور عوامی فلاحی پروگراموں کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کیلئے استعمال کیے جائیں گے۔

اجلاس میں قومی خلائی ادارے سپارکو کے مختلف خلائی منصوبوں اور فلکیاتی رسد گاہوں کیلئے 86 کروڑ روپے کی منظوری بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ پاکستان کے مینڈ اسپیس مشن کیلئے فنڈز کی فراہمی کی منظوری کو ملکی خلائی پروگرام میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

سکیورٹی کے شعبے میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے فرنٹیئر کور بلوچستان ساؤتھ تربت کے آپریشنل اخراجات کیلئے 64 کروڑ 60 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کی، جس کا مقصد علاقے میں سکیورٹی استعداد اور آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا ہے۔

اجلاس میں کراچی ڈاک لیبر بورڈ کے مزدوروں کیلئے 5 ارب روپے کے معاوضہ پیکج کی بھی منظوری دی گئی۔ اس اقدام سے ہزاروں مزدوروں اور ان کے خاندانوں کو مالی ریلیف فراہم ہونے کی توقع ہے۔

علاوہ ازیں مالی سال 2026-27 کے بجٹ انتظامات اور تیاریوں کیلئے ایک کروڑ روپے کی منظوری بھی دی گئی تاکہ آئندہ مالی سال کی بجٹ سازی کا عمل مؤثر اور بروقت مکمل کیا جا سکے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء قیصر احمد شیخ، خالد مقبول صدیقی اور رانا تنویر حسین نے شرکت کی، جبکہ وفاقی وزراء احسن اقبال اور اویس لغاری ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کو ملکی معیشت، غذائی تحفظ، خلائی تحقیق، سکیورٹی اور مزدوروں کی فلاح کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top