حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد مٹی کے تیل کے صارفین کیلئے بری خبر سامنے آگئی ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مٹی کے تیل کی قیمت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک روپے 49 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 282 روپے 19 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل مٹی کا تیل 280 روپے 70 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا، جبکہ گزشتہ ہفتے بھی اس کی قیمت میں 8 روپے 70 پیسے فی لیٹر کا نمایاں اضافہ کیا گیا تھا۔
دوسری جانب حکومت نے عوام کو جزوی ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 373 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 378 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں مسلسل اضافے سے خصوصاً دیہی اور دور دراز علاقوں کے صارفین متاثر ہو سکتے ہیں، جہاں اب بھی بڑی تعداد میں گھریلو ضروریات کیلئے مٹی کے تیل کا استعمال کیا جاتا ہے۔





