بنوں میں طوفانی آندھی اور موسلادھار بارش تباہی مچا گئی، 4 افراد جاں بحق، 16 زخمی
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں طوفانی آندھی اور موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہوگئے۔ اس حوالے سے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز آندھی اور شدید بارش کے باعث مختلف علاقوں میں دیواریں، مکانات اور دکانیں منہدم ہونے کے واقعات پیش آئے، جن کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 2 مرد اور 2 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 4 مرد، 5 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں سرگرم عمل ہیں، جبکہ نقصانات کا مکمل تخمینہ لگانے کے لیے سروے جاری ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسمی حالات کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خستہ حال اور کمزور عمارتوں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مقامی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پی ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی جا رہی ہے۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، جبکہ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دے سکتے ہیں۔





