ایران نے آیت اللّٰہ خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور تدفین کے انتظامات مکمل کر لیے

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور الوداعی تقریبات کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق آیت اللّٰہ خامنہ ای کے جسدِ خاکی کے ساتھ الوداعی اجتماعات 4 اور 5 جولائی کو تہران میں منعقد ہوں گے جبکہ شیڈول کے تحت 6 جولائی کو تہران اور 7 جولائی کو قم میں نمازِ جنازہ ادا کی جائے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 9 جولائی کو مشہد میں انہیں سپردِ خاک کیا جائے گا، ان کی تدفین روضۂ امام رضاؑ کے احاطے میں کی جائے گی۔

تقریبات کے منتظمین نے ایران کے عوام، عالمِ اسلام کے پیروکاروں اور دنیا بھر سے وابستگان کو ان مراسم میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سرکاری اداروں اور عوامی تنظیموں نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور توقع ہے کہ تقریبات میں لاکھوں افراد شرکت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکاایران معاہدہ حتمی مراحل میں داخل، پاکستان نے مذاکراتی ڈیڈ لاک کیسے توڑا؟ اگلے 24 گھنٹے کیوں اہم ہیں؟

واضح رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے مبینہ مشترکہ حملوں میں آیت اللّٰہ خامنہ ای سمیت متعدد افراد شہید ہوئے تھے، ایران نے ان کے صاحبزادے مجتبیٰ خامنہ ای کو نیا رہبر منتخب کرنے کا اعلان کیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ان حملوں میں آیت اللّٰہ خامنہ ای کی بیٹی، داماد اور نواسی بھی جاں بحق ہوئے تھے، رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے دفتر میں سرکاری ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے جب حملے کا نشانہ بنے۔

Scroll to Top