ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج آمنے سامنے ہوں گی

آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم اپنی مہم کا آغاز آج روایتی حریف بھارت کے خلاف اہم میچ سے کرے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ ہائی پروفائل مقابلہ برمنگھم کے تاریخی ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا جہاں شائقین کو ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے زیرِ اہتمام 12 جون سے 5 جولائی تک جاری رہنے والا یہ ایونٹ ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہے، جس میں پہلی مرتبہ 12 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

میگا ایونٹ کے دوران مجموعی طور پر 33 میچز سات مختلف وینیوز پر کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل 5 جولائی کو لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد ہوگا۔

پاکستان کو گروپ ون میں رکھا گیا ہے، جہاں اس کا سامنا چھ بار کی عالمی چیمپیئن آسٹریلیا، بھارت، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور نیدرلینڈز سے ہوگا۔

دوسری جانب گروپ ٹو میں میزبان انگلینڈ، دفاعی چیمپیئن نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، سری لنکا، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ جاری، پاکستانی سٹار کی ٹاپ ٹین میں انٹری

ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق دونوں گروپس کی سرفہرست دو، دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ سیمی فائنلز 30 جون اور 2 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔

قومی ویمنز ٹیم کی قیادت نوجوان آل راؤنڈر فاطمہ ثنا کر رہی ہیں، جو مسلسل دوسرے آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی کپتانی کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔

Scroll to Top