پاکستان ائیر فورس کا تربیتی طیارہ حادثے کا شکار ، دوافسران شہید ، آئی ایس پی آر

پاکستان ائیر فورس کا تربیتی طیارہ حادثے کا شکار ، دوافسران شہید ، آئی ایس پی آر

مردان کے قریب پاک فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ دورانِ پرواز حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹ شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حادثے میں فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ اور لیفٹیننٹ طحہٰ عباسی جامِ شہادت نوش کر گئے۔ فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ پاک فضائیہ سے جبکہ لیفٹیننٹ طحہٰ عباسی پاکستان نیوی سے تعلق رکھتے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے ایئر ہیڈ کوارٹرز میں ایک اعلیٰ سطح کا بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا گیا ہے، جو واقعے کی مکمل تحقیقات کرے گا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سروسز چیفس اور پاک افواج کی قیادت نے حادثے پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ پاک افواج نے شہدا کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے ان کے لیے صبرِ جمیل اور بلند درجات کی دعا کی ہے۔

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ شہدا کی قربانیاں قوم کے لیے فخر کا باعث ہیں، اور وہ ان کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پوری قوم اپنے ان بہادر بیٹوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی جنہوں نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

Scroll to Top