وزیراعظم شہباز شریف نے پارلیمنٹ ہائوس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن کا سورج طلوع، ایران اور امریکا کے درمیان تاریخی امن معاہدہ 19 جون کو جنیوا میں ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا نے امن کی جانب ایک تاریخی پیش رفت حاصل کر لی ہے اور ’’امن کا سورج طلوع ہو گیا ہے‘‘۔ ان کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدے کی دستخطی تقریب 19 جون کو جنیوا میں منعقد ہوگی، جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔
قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آج عالمی برادری نے امن کا ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔ ان کے مطابق طویل کشیدگی اور 3 ماہ 16 دن کی آزمائشوں کے بعد ایران اور امریکا نے تمام محاذوں پر جنگ کے مستقل خاتمے پر اتفاق کر لیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تاریخی معاہدے کی باضابطہ تقریب 19 جون کو جنیوا میں ہوگی، اور اس موقع پر پاکستان میزبان ملک کے طور پر کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی پر پوری پاکستانی قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے ایوان کے تمام ارکان اور سیاسی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ سابق وزیراعظم نواز شریف، صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا بھی شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم کے مطابق یہ معاہدہ مسلسل سفارتکاری اور مذاکراتی عمل کا نتیجہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود ان کی قیادت اور عزم کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہ تھی۔ ان کے مطابق یہ عظیم کامیابی ان کے کردار کے بغیر ادھوری رہتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا نے ایران، لبنان سمیت تمام محاذوں پر فوجی کارروائی کے خاتمے کا اعلان کیا ہے، جو خطے میں امن و استحکام کی جانب ایک بڑی پیش رفت ہے۔





