ضلع کرم میں المناک سانحہ، گھر پر گولہ گرنے سے 4 افراد شہید، 8 زخمی

ضلع کرم میں المناک سانحہ، گھر پر گولہ گرنے سے 4 افراد شہید، 8 زخمی

ضلع کرم کے علاقے سینٹرل کرم وراستہ میں ایک رہائشی گھر پر گولہ گرنے کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 4 افراد شہید جبکہ 8 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔

پولیس اور ہسپتال ذرائع کے مطابق تمام متاثرین کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ شہدا اور زخمیوں میں 5 بچے اور 4 خواتین بھی شامل ہیں، جس کے باعث علاقے میں غم و افسوس کی فضا چھا گئی ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق زخمیوں میں سے 3 افراد کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، جنہیں بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔ امدادی ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔

ذرائع کے مطابق شہدا میں عمر گل، صلاح الدین اور محمد خان شامل ہیں، جبکہ دیگر متاثرین میں گھر کے بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان پہلے اپنے آبائی علاقے سے آپریشن کے باعث نقل مکانی کر چکا تھا اور حال ہی میں اس گھر میں رہائش اختیار کی تھی۔ تاہم بدقسمتی سے یہ خاندان ایک اور المناک سانحے کا شکار ہو گیا۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مقامی افراد نے متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔

Scroll to Top