علاج معالجے میں کوتاہی برداشت نہیں، سہیل آفریدی ایل آر ایچ ہسپتال پشاور پہنچ گئے

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ضلع کرم میں رہائشی گھر پر بارودی گولہ گرنے کے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔

وزیراعلیٰ نے زیر علاج زخمیوں سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور علاج معالجے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ علاج معالجے کے عمل میں غفلت ہرگز قابل قبول نہیں ہوگی۔

وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان خود کو تنہا نہ سمجھیں، حکومت ان کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے۔

انہوں نے متعلقہ ضلعی حکام کو ہدایت کی کہ شہدا اور زخمیوں کی تفصیلی رپورٹ فوری طور پر پیش کی جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو بلا تاخیر مالی امداد فراہم کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ-ایران امن معاہدے کے بعد پاکستان میں پیٹرول کتنا سستا ہونے جا رہا ہے؟

وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ واقعے کے ذمہ دار عناصر کی نشاندہی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کا بھی اچانک دورہ کیا اور وہاں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی۔ انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور طبی انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام مریضوں کو معیاری علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور اس عمل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری صحت سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے خطیر وسائل خرچ کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام براہ راست ان کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔

Scroll to Top