خیبرپختونخوا کامالی سال 27-2026 کا بجٹ کب پیش کیاجائیگا،تفصیلات سامنے آگئیں

خیبر پختونخوا کا مالی سال 27-2026 کا بجٹ کب پیش کیا جائے گا؟ تفصیلات سامنے آگئیں

خیبرپختونخوا حکومت نے مالی سال 27-2026 کا بجٹ 19 جون کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہےجبکہ محکمہ خزانہ نے بجٹ اجلاس بلانے کی سمری بھی تیار کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ نے نئی سمری تیار کی ہے جو منظوری کے لیے وزیراعلیٰ ہاؤس ارسال کی جائے گی۔

ترجمان پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا شوکت یوسف زئی نے بھی 19 جون کو بجٹ پیش کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر صوبائی حکومت بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے جسے اس سے قبل عمران خان سے ملاقات سے مشروط کیا گیا تھا۔

شوکت یوسف زئی نے بتایا کہ بجٹ کے حوالے سے قانونی ماہرین سے مشاورت کی گئی اور ماہرین نے صوبائی حکومت کو سہ ماہی بجٹ کے بجائے سالانہ بجٹ پیش کرنے کی سفارش کی۔

انہوں نے کہاکہ پارٹی قیادت کی جانب سے قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد پورے سال کا بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اے این پی کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی نثار باز خان کا بجٹ کے حوالے سے اہم پیغام

دوسری جانب محکمہ خزانہ کے حکام نے بھی 19 جون کو بجٹ پیش کیے جانے کی تصدیق کر دی۔حکام نے بتایا کہ محکمہ خزانہ نے پورے سال کا بجٹ تیار کیا ہے اور اس سے قبل ایک سمری بھی وزیراعلیٰ ہاؤس ارسال کی تھی جس میں 15 جون کو بجٹ اجلاس بلانے کی تجویز دی گئی تھی تاہم وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب سے اس پر کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

حکام نے کہاکہ بجٹ تیار ہے اور اگر اجلاس کی منظوری دی گئی تو کابینہ سے منظوری کے بعد اسے اسمبلی میں پیش کیا جائےگا۔

Scroll to Top