امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کو آبنائے ہرمز میں جہازوں سے ٹول وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ابوظہبی میں گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز ایک بین الاقوامی آبی گزرگاہ ہے اور بین الاقوامی قانون کے تحت کسی ملک کو اس پر ٹول یا فیس عائد کرنے کا حق حاصل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر خطے کے ممالک کو قائل کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ سب کا اس حوالے سے اتفاق ہے۔
مارکو روبیو کے مطابق جب تک ایران کے حمایت یافتہ گروہ عراق سے میزائل اور ڈرون حملے جاری رکھے ہوئے ہیں، اس وقت تک تنازع کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : تین ممالک نے ایران سے تیل کی خریداری شروع کر دی؟ نام سامنے آگئے
انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاملہ آئندہ مذاکرات میں زیر بحث آئے گا۔ اگر ایران انقلابی تحریک کے بجائے ایک عام ریاست بننے کا فیصلہ کرے تو اس کے لیے ترقی کے بڑے مواقع موجود ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے منگل کے روز متحدہ عرب امارات سے اپنے خلیجی دورے کا آغاز کیا، جس کے دوران وہ کویت اور بحرین کا بھی دورہ کریں گے۔





