امریکا امن کیلئے پرعزم ہے، تمام محاذوں پر مکمل جنگ بندی چاہتے ہیں، ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا امن کے لیے پرعزم ہے اور وہ لبنان، حزب اللہ، اسرائیل سمیت تمام محاذوں پر مکمل جنگ بندی کی توقع رکھتا ہے۔

امریکی صدر نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ مذاکراتی کوششوں میں پیشرفت کیلئے مشرق وسطیٰ کے تمام فریقین کو اپنے عزم پر قائم رہنا ہوگا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹیں تیل کی قیمتوں میں کمی اور اسٹاک مارکیٹ میں اضافے کو سراہ رہی ہیں، جبکہ امریکا کیلئے یہ کامیابی ہے کہ تیل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں۔

انہوں نے ایران کو 300 ارب ڈالر کی ادائیگی سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ جعلی خبر ہے اور اس حوالے سے ڈیموکریٹس کی جانب سے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ امریکا امن کے لیے کام کر رہا ہے اور خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے کیلئے تمام فریقین سے تعاون کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکا نے ویزوں سے متعلق بڑا اعلان کر دیا

اس سے قبل پیرس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر دیگر ممالک کے پاس بیلسٹک میزائل موجود ہیں تو ایران کے پاس نہ ہونا کچھ حد تک غیر منصفانہ ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ طویل تنازع کے خاتمے کے باوجود خلیج میں اپنی فوجی موجودگی کچھ عرصے تک برقرار رکھے گا۔

Scroll to Top