عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 40 فیصد اضافے کی پیشگوئی، سرمایہ کاروں کے لیے اہم اشارہ
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں سے متعلق ایک اہم پیشگوئی سامنے آئی ہے، جس کے مطابق آئندہ 6 ماہ کے دوران سونے کی قیمت میں 40 فیصد تک اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سرمایہ کاری فرم جے پی مورگن کی رپورٹ کے مطابق حالیہ عرصے میں جغرافیائی کشیدگی اور عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال کے باعث سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر موجودہ رجحانات برقرار رہے تو سونے کی قیمتیں دوبارہ تیزی سے اوپر جا سکتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی اوسط قیمت رواں سال کے اختتام تک 6 ہزار ڈالر فی اونس تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ 2027 کے اختتام تک یہ سطح بڑھ کر تقریباً 6 ہزار 300 ڈالر فی اونس تک جا سکتی ہے۔ اس امکان کو موجودہ سطح کے مقابلے میں تقریباً 40 فیصد اضافے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی، خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور امریکی ڈالر کی مضبوطی نے سونے کی قیمتوں پر دباؤ ڈالا، جس کے باعث حالیہ عرصے میں قیمتوں میں کمی بھی دیکھی گئی۔
تاہم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنگی صورتحال میں کمی اور عالمی معاشی پالیسیوں میں ممکنہ تبدیلی کے بعد سرمایہ کار ایک بار پھر سونے کی طرف رجوع کر سکتے ہیں، جس سے قیمتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ پیشگوئی درست ثابت ہوتی ہے تو عالمی اور مقامی دونوں مارکیٹوں میں سونے کی قیمتیں نئی بلند ترین سطحوں کو چھو سکتی ہیں۔





